2 نومبر 2016 - 13:29
پیرس میں پولیس اہلکاروں اور افسروں کا احتجاجی مظاہرہ

پولیس کے محکمے کے مطالبات پر غور کرنے کے فرانسیسی حکومت کے وعدے کے باوجود پولیس اہلکاروں اور افسروں کی بہت بڑی تعداد نے پیرس میں احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق فرانسیسی اخبار لو فیگارو نے خبر دی ہے کہ سینکڑں کی تعداد میں پولیس اہلکاروں اورافسران نے منگل اور بدھ کی درمیانی رات ایک بارپھر مظاہرہ کیا- پولیس نے یہ مظاہرہ لوور میوزیم کی عمارت کے باہر کیا- مظاہرے میں شریک ایک پولس افسر نے بتایا کہ فرانسیسی پولیس کو پوری طرح متحد ہو جانا چاہئے کیونکہ فرانس کی بیشتر یونینین حکومت نواز ہیں-

مذکورہ پولیس افسر نے بتایا کہ دیگر یونینیں ملک کے عام مفادات کو مدنظر رکھنے کے بجائے اپنے اپنے مفادات کی فکر میں رہتی ہیں- اس پولیس افسر کا کہنا تھا کہ فرانسیسی حکومت کو چاہئے کہ وہ پولیس کی مشکلات و مسائل کو سمجھے اور انہیں حل کرنے کی کوشش کرے-

فرانس کے محکمہ پولیس کے اہلکار اور افسران گذشتہ سترہ اکتوبر سے ملک کے مختلف شہروں میں خاص طور پر دارالحکومت پیرس میں مظاہرے کر رہے ہیں- خبروں میں کہا گیا ہے کہ محکمہ پولیس کی یونین کے نمائندوں کے فرانسیسی وزیر داخلہ کے ساتھ ہونے والے مذاکرات بھی ناکام ہو گئے ہیں- پولیس کے مظاہرے کے دوران فرانسیسی پولیس کی ایک گاڑی کو آگ لگا دی گئی ہے جبکہ ان مظاہروں میں ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا ہے۔

.......

/169